پی ایس ایل7:گلیڈی ایٹرز کی دوسری کامیابی

IMG 20220207 232150

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 15 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوپنر جیسن روئے کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو7 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ہدف کوئٹہ نے 20ویں اوور میں مکمل کرلیا، جیسن روئے57 گیندوں پر 116 رنز بناکر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 11چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں پر 204 رنز بنائے، فخرزمان 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔

لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز اچھا رہا اور اوپنر عبداللہ شفیق اور فخرزمان کے درمیان 61 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم عبداللہ 27 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

لاہور کو دوسرا نقصان کامران غلام کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 13 گیندوں پر 19 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس کے علاوہ محمد حفیظ ایک بار پھر بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 8 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے فخر زمان جارحانہ بیٹنگ کرتے رہے تاہم وہ بھی 45 گیندوں پر 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن اختتامی اوورز میں ہیری بروک کی جارحانہ اننگز کی بدولت لاہور نے  مقررہ 20 اوورز میں 204 رنز بنائے۔

ہیری بروک 17گیندوں پر 41 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اس کے علاوہ ڈیوڈ ویزا نے 9 گیندوں پر 22 رنز بنائے ۔

کوئٹہ کی جانب سے غلام مدثر نے 2 جبکہ افتخار احمد نے اور کوک ووڈ نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز دھواں دار رہا، اوپنر جیسن روئے نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے۔

تاہم جب ٹیم کا اسکور 71 رنز پر پہنچا تو اوپنر احسان علی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد جیسن روئے نے قلندرز کے بولرز پر لاٹھی چارج شروع کردیا اور سنچری مکمل کی۔

تاہم جیمز ونز کے ساتھ 96 رنز کی شراکت داری قائم ہونے کے بعد روئے 57 گیندوں پر 116 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ اختتامی اوورز میں جیمز ونس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ نےکامیابی حاصل کی، انہوں نے 38 گیندوں پر 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔


Author: desi123

Desi123.com is an online news portal that aims to provide the latest trendy news for Asians living in Asia and around the World.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *