آسٹریلوی ٹیم کےکھلاڑی 24سال بعد دورہ پاکستان کیلئے برجوش

IMG 20220206 121843

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلیا کے دو تجربہ کار کھلاڑی بین ڈنک اور جیمز فالکنر اپنی ٹیم کو 24 سال بعد شائقینِ کرکٹ کی سرزمین پاکستان، میں ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے 24 سال بعد دورہ پاکستان کو کرکٹ کے کھیل کے لیے مثبت اقدام قرار دیا ہے۔ وہ پرعزم ہیں کہ مہمان ٹیم پاکستانی شائقین کرکٹ کے سامنے کھیل کر خوب لطف اندوز ہوگی۔

بین ڈنک کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اب تک پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 30 میچز کھیل چکے ہیں۔ ایڈیشن 2021 میں لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شامل ہوکر پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بننے والے جیمز فالکنر رواں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ وہ اب تک لیگ کے 20 میچز کھیل چکے ہیں۔

تجربہ کار بین ڈنک کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت کی غرض سے لگاتار 4 سال پاکستان آئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران وہ یہاں کی ثقافت سےکافی حد تک روشناس ہوچکے ہیں تاہم سب سے خاص بات یہاں کرکٹ سے بے حد محبت کرنے والے مداح ہیں جو کرکٹ میچز دیکھنے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں۔

وہ پرامید ہے کہ مارچ/اپریل میں کھیلی جانے والی پاکستان آسٹریلیا سیریز میں شائقینِ کرکٹ کو معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعد پاکستان کا دورہ کرنا آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک شاندار تجربہ ہوگا۔

بین ڈنک نے کہا کہ آئی سی سی ایوارڈز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بالادستی اور پھر ٹیسٹ کرکٹ میں فواد عالم، بابراعظم اور محمد رضوان کی کارکردگی پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کا عملی نمونہ ہے۔

فالکنر نے کہاکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم آخری مرتبہ 24 سال قبل پاکستان آئی تھی، وہ بھی اس سال آسٹریلیا انڈر 19 کی نمائندگی کرنے پاکستان آئے ہوئے تھے۔ اس وقت ان کی عمر 17 سال تھی۔

پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ضروری ہے، وہ آج ساری دنیا سفر کرتے ہیں، لہٰذا ان کے لیے پاکستان آنا بھی کسی صورت مختلف نہیں ہے۔

واضح رہے دونوں ممالک کے درمیان سیریز رواں سال مارچ/اپریل میں کھیلی جائے گی، جس تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی20 انٹرنیشنل میچ شامل ہے۔


Author: desi123

Desi123.com is an online news portal that aims to provide the latest trendy news for Asians living in Asia and around the World.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *